عالمی بینک نے پاکستان کیلیے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان کے لیے قرض کی منظوری رائز ٹو پروگرام کے تحت دی گئی ہے، جس کا مقصد پاکستانی مالیاتی انتظام، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے مسابقت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان کو فوری مالیاتی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے پاس انتخابات کے بعد دیرینہ اسٹرکچرل مسائل حل کرنےکا موقع ہے، جسے اگر گنوا دیا توپاکستان کے دوبارہ معاشی مسائل میں گھرنےکا خدشہ ہے۔

پروگرام کے تحت پاکستان کی مالی پالیسی سے متعلق کوآرڈینیشن اور قرضوں میں شفافیت لائی جائے گی۔ پراپرٹی کے شعبے میں ٹیکسوں کو مضبوط بنانا پلان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین پر عمل درآمدکی لاگت میں کمی اور ڈیجیٹل ادائیگی کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔ امپورٹ ٹیرف میں کمی کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔

کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجی بن حسین کا کہنا ہے کہ رائز ٹو پروگرام ٹیکس، توانائی، کاروباری اور موسمیاتی اصلاحات کا پہلا مرحلہ مکمل کرتا ہے۔ یہ پروگرام محصولات بڑھانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں یہ اخراجات کا ہدف بہتر بنانے،مسابقت، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی بنایا گیا ہے۔ پروگرام سے پاکستان کے پاور سیکٹرکے بہتر انتظام میں بھی مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں