pak vs us 117

کرکٹ ورلڈکپ :شاہین آج کنگروز کاشکارکرنے کو تیار

ٹاؤنٹن: گرین شرٹس نے کینگروز سے انتقام پر نظریں جما لیں تاہم دونوں ٹیمیں آج ورلڈکپ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ورلڈکپ میں اپنی مہم کے آغاز پر پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف بیٹنگ کے فلاپ شوکی وجہ صرف 105رنز پر ڈھیر ہوئی تو کوئی توقع نہیں کررہا تھا کہ عالمی نمبر ون اور ٹائٹل فیورٹ انگلینڈ سے میچ میں فتح حاصل ہوگی۔ہمیشہ سے ہی ناقابل یقین کارکردگی دکھانے کیلیے مشہور گرین شرٹس نے شاندارکم بیک کرتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کے بعد بہتر بولنگ کرتے ہوئے میگا ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی،سری لنکا کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا،گرین شرٹس کا چوتھا میچ بدھ کوٹاؤنٹن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا۔کینگروز نے گرین شرٹس کویو اے ای میں آخری باہمی سیریزکے پانچوں ون ڈے میچز میں ہرایا تھا، البتہ کپتان سرفراز احمد سمیت کئی اہم کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ نہ تھے، اب پاکستان حریف کا حساب چکتا کرنے کیلیے پْرعزم ہے۔ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے افغانستان اور ویسٹ انڈیز کیخلاف فتوحات حاصل کیں لیکن بھارت نے بولرز کی درگت بنانے کے بعد ٹاپ آرڈر کیلیے مشکلات پیدا کرتے ہوئے پہاڑ جیسے ہدف کا دفاع کرلیا، کینگروز 1999کے بعد پہلی بار کسی ورلڈکپ میچ میں ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام ہوئے۔انگلینڈ کیخلاف فتح میں جہاں پاکستان ٹیم کیلیے کئی مثبت پہلو تھے، وہیں بھارت سے میچ آسٹریلیاکو تشویش میں مبتلا کرگیا، واحد حوصلہ افزا بات الیکس کیری کی فارم تھی جنھوں نے برق رفتار ففٹی سے امیدوں کا دیا تھوڑی دیر کیلیے روشن کیا، ورلڈکپ میں ابھی تک کھیلے جانے والے 9باہمی مقابلوں میں پاکستان نے 4فتوحات حاصل کیں اور 5میں مات ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں