pakistan trade deficit 98

تجارتی خسارہ 27 ارب سے کم ہو کر23 ارب 45 کروڑ ڈالر رہ گیا

اسلام آباد:رواں مالی سال کے ابتدائی9 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ میں 14 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور تجارتی خسارہ 27 ارب 29 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر23 ارب 45 کروڑ ڈالر رہا ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق حکومت کی طرف سے ٹھوس پالیسی اقدامات، توانائی کی صورتحال میں بہتری، اقتصادی استحکام کےلئے کی جانے والی کوششوں اور مختلف درآمدی اشیاءپر ڈیوٹی کے نفاذ کی وجہ سے درآمدات میں کمی کا رجحان ہے اور جولائی 2018ءسے مارچ 2019ء کے دوران تجارتی خسارے میں 3 ارب 84 کروڑ ڈالر کی کمی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہے جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں تجارتی خسارے کا حجم 5 سے 7 ارب ڈالر کم رہنے کا امکان ہے۔مارچ 2018ءمیں گزشتہ مالی سال کے اس ماہ کے مقابلہ میں تجارتی خسارہ میں37.74 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اوریہ 3 ارب 10 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر ایک ارب 93 کروڑ ڈالر تک آگیا ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران درآمدات کا حجم 40 ارب 66 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 44 ارب 32 کروڑ ڈالر تھا۔ رواں مالی سال کے دوران درآمدی حجم گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 8.25 فیصد کم ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران برآمدات کا حجم 17 ارب 21 کروڑ ڈالر رہا جو کہ جولائی 2017ءسے مارچ 2018ءکے عرصہ کے دوران 17 ارب 3 کروڑ ڈالر تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں