25

کراچی میں چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق، 2 بچیاں زخمی

کراچی(جرات نیوز) کھارادر مچھی میانی مارکیٹ میں رہائشی عمارت کی چھت گرنے سے میاں بیوی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی 2 کم سن بیٹیاں زخمی ہوگئیں۔کے ایم سی گوشت مارکیٹ کے سامنے قدیم عمارت دیوی بائی بلڈنگ کی چھت رات گئے دھماکے سے گر گئی جس کے نتیجے میں گھر میں سوئے میاں، بیوی اور ان کی دو بچیاں ملبے میں دب گئیں۔
ایدھی، پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور علاقہ مکینوں کی مدد سے امدادی کام شروع کیا۔ رضا کاروں نے ایک الماری کے نیچے دبی دو بچیوں کو بحفاظت نکال کر سول اسپتال منتقل کیا۔ بچیوں کی شناخت 10 سالہ زینب دختر اکرم اور 8 سالہ ثنیہ کے نام سے ہوئی۔
کچھ دیر بعد بچیوں کے والد 35 سالہ محمد اکرم اور ان کی اہلیہ 30 سالہ نازیہ کو بھی ملبے سے نکال لیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ایس ایچ او کھارادر انسپکٹر احسن ذولفقار نے بتایا کہ جاں بحق میاں بیوی کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا، دیوی بائی بلڈنگ 100 سال سے زائد پرانی ہے جسے کافی عرصہ قبل مخدوش قرار دے دیا گیا تھا اور مذکورہ خاندان کو عمارت خالی کرنے کو کہا گیا تھا لیکن وہ لوگ غربت کے باعث وہاں رہائش پزیر تھے۔محمد اکرم کا کہنا تھا کہ وہ محنت مزدوری کر کے بمشکل اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، کرائے کا گھر لینے کے لیے ان کے پاس رقم نہیں ہے۔
واضح رہے اولڈ سٹی ایریا میں ایسی متعدد عمارتیں آباد ہیں جنہیں مخدوش قرار دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں