نیویارک کے سابق میئرکا جان ہاپکنز یونیورسٹی کو ایک ارب 80 کروڑ ڈالرکا عطیہ

نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے سابق میئر مائیکل بلوم برگ نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کو ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم عطیہ کی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق یہ رقم کم آمدنی والے اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبا کی مالی معاونت کے لئے استعمال کی جائے گی۔مائیکل بلوم برگ جو اسی ادارے کے فارغ التحصیل ہیں نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنی مادر علمی کو پہلے عطیہ میں پانچ ڈالر دیئے تھے تاہم وہ اس کے بعد سے اب تک اس ادارے کو مختلف اوقات میں ڈیڑھ ارب ڈالر کے لگ بھگ عطیات دے چکےہیں جبکہ ان کی طرف سے عطیے کا تازہ ترین اعلان اس کے علاوہ ہے۔ اس موقع پر ایک بیان میں مائیکل بلوم برگ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جس طرح اس ادارے نے انہیں زندگی میں کامیابی کے حصول کے قابل بنایا اسی طرح اس ادارے کے ذریعے دیگر نادار طلبہ کو بھی یہ مواقع ملتے رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں