لندن میں نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس، آج اہم اعلان متوقع

لندن: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں ملکی صورت حال سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی جبکہ ن لیگ کی قیادت نے آج دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد نواز شریف اہم اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق لندن پہنچنے کے بعد وزیراعظم اور کابینہ اراکین نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، اس دوران نوازشریف انتہائی گرم جوشی سے ملے اور شہباز شریف کو تھپکی بھی دی۔
اس موقع پر نواز شریف سے احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، شاہد خاقان عباسی اور سعد رفیق نے بھی ملاقات کی جبکہ اسحاق ڈار عابد شیر علی اور سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔
نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس
بعد ازاں نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور وخوض کیا گیا اور 3 اپریل کو ہونے والی آئین شکنی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق رائے پایا گیا کہ آئین شکن عناصر سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹنا ہوگا۔اجلاس میں توانائی کے شعبے میں سابق حکومت کے پیدا کردہ سنگین بحران، لوڈشیڈنگ، تیل اور ایل این جی نہ منگوانے کی تفصیلات بیان کی گئیں جبکہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات دلانے اور ریلیف کی فراہمی سے متعلق مختلف سفارشات پر بھی غور ہوا۔
حکومتی ٹیم نے معاشی حقائق کی روشنی میں مستقبل کے اقدامات کے بارے میں اپنی آراء پیش کیں، نواز شریف نے حتمی فیصلوں کے لئے آج پھر اجلاس طلب کرلیا، جس میں ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے اتحادی جماعتوں کو آگاہ کیا جائے گا اور پھر اُن کی تائید و حمایت کے بعد نواز شریف اہم اعلان کریں گے۔سابق وزیراعظم نواز شریف آج اہم پریس کانفرنس کریں گے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے ارکان بھی موجود ہوں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ہٹانے کی وجوہات اور کرپشن کے حوالے سے اہم معلومات سے پردہ اٹھائیں گے۔قبل ازیں نواز شریف نے لندن میں وزیراعظم شہباز شریف سے اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ مشاورت کی جبکہ ملک سیاسی صورتحال، پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل اور عام انتخابات سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا۔
اس سے قبل نوازشریف اور وزیر اعظم کی ملاقات پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’وہ کتنے خوش قسمت ہوتے ہیں جنہیں یہ عقیدتیں اور محبتیں نصیب ہوتی ہیں‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں