شاہد آفریدی بھی فواد عالم کو ڈراپ کرنے پر بول اُٹھے

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم عالم کو ڈراپ کرنے پر بول اُٹھے۔کراچی میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف آنے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے فواد عالم کو پاکستان ٹیم سے ڈراپ نہیں کرنا چاہیے تھا، فواد کی پاکستان کےلیے بڑی پرفارمنس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کپ کا فائنل کھیلنا بڑی کامیابی ہے تاہم قومی ٹیم کو غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، 92 کا ورلڈکپ بھی ہم اسی طرح جیتے تھے۔
شاہین آفریدی کی انجری کے حوالے سے کیے گئے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں نئی انجری ہوئی ہے، بحالی میں دو سے تین ہفتہ لگ جائیں گے، ہمیں اپنی بینچ مضبوط کرنا چاہیے۔سابق کپتان نے کہا کہ بنگلہ دیش انڈر 19 کا پاکستان آکر ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا بہت سے سوالات پیدا کرتا ہے، ہمیں ٹیم مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہد آفریدی نے قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی کپ میں بڑے دلچسپ اپ سیٹ ہو رہے ہیں، میری فیوریٹ ٹیم جرمنی ہے۔ سعودی عرب کو ارجنٹیا جیسی ٹیم کے خلاف فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ملکی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ اکیلا ملک چلا سکتا ہے تو یہ ممکن نہیں، شکر ہے کہ پاکستان آرمی چیف کی تعیناتی کا مسلہ ختم ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں