کراچی: پاکستان شوبز کی اداکار حنا بیات شوہر کی وفات کے بعد اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر بات کرتے ہوئے رو پڑیں۔
حنا بیات حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی پر کھل کر بات کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے اللہ اور دوستوں سے کوئی شکایت نہیں تاہم وہ مداحوں سے ناراض ہیں کیونکہ شوہر کی موت کے بعد کام کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
حنا بیات کا کہنا تھا کہ شوہر کی بیماری کی وجہ سے وہ ایک سال تک کام نہیں کر سکی تھیں تاہم ان کے شوہر نے ان پر دباؤ ڈالا کہ انہیں کام نہیں روکنا چاہیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ایک پراجیکٹ کے لیے آفر ہوئی جس کے لیے وہ منع کر چکی تھیں لیکن شوہر کے مجبور کرنے پر انہیں یہ ڈرامہ کرنا پڑا جو انہوں نے بعد میں ادھورا چھوڑ دیا۔
حنا بیات نے بتایا کہ یہ اُن کے لئے بہت مشکل وقت تھا کیونکہ وہ شوہر کو لے کر اسپتال جاتی تھیں خون کا بندوبست کرتی تھیں مگر جب شوہر چل بسے تو انہوں نے ڈرامہ سیریل کی شوٹنگ کا بقیہ کام مکمل کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے شوٹنگ اس لیے شروع کی کہ میں کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی تھی لیکن یہاں لوگ اتنے ظالم ہیں وہ دوسروں کے دکھ نہیں سمجھتے اور فتویٰ جاری کر دیتے ہیں۔
حنا بیات اپنے جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے لائیو شو میں رو پڑیں اور شکوہ کیا کہ شوہر کے انتقال کے بعد ڈرامہ کرنے پر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے انہیں بُری طرح ٹرول کیا جس سے انہیں بےحد تکلیف ہوئی۔