کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کیلیے 17 فروری سے 17 مارچ تک ٹورنامنٹ کے انعقاد پر اتفاق کرلیا گیا۔
پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن18 فروری سے 19 مارچ تک کرانے کی تجویز تھی،اس حوالے سے فرنچائزز کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا،البتہ بعض معاملات کا جائزہ لینے کے بعد اب 17 فروری سے 17 مارچ تک انعقاد پر اتفاق ہوگیا۔
میچز چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہوں گے،افتتاحی تقریب اور چند میچز لاہور میں کرانے کی تجویز ہے، فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ فروری کے اوائل میں عام انتخابات کی وجہ سے لیگ کو یو اے ای منتقل کرنے پر بھی غور ہوا تھا لیکن پھر ملک میں ہی انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈبل ہیڈرز کی وجہ سے شیڈول کو فائنل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، رمضان سے قبل ہی ایسا کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا لیکن کراچی میں ایک میچ کے دوران اسٹیڈیم نہیں بھر پاتا، بورڈ کو لگتا ہے کہ 2 میچز میں تو نیشنل اسٹیڈیم تقریبا خالی ہی رہے گا، اس حوالے سے مزید غوروخوص جاری ہے،کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کے بعد شیڈول کا جلد اجرا بھی کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے آغاز کی تاریخ 8 فروری مقرر کی گئی تھی تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ بھی اسی روز مقرر کی گئی ہے جس کے باعث انتظامیہ نے شیڈول تبدیل کیا ہے۔
دوسری جانب وینیوز کے ناموں پر فرنچائز نے اعتراضات اٹھائے ہیں، انکا موقف ہے کہ ماہ فروری میں سرد موسم اور دھند کی وجہ سے میچز کا انعقاد مسئلے کا سبب بن سکتا ہے۔