کنساس: امریکہ کے کنساس شہر نے پینکیک کے عالمی دن کے حوالے سے غیر سرکاری طور پر دو گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں لبرلز انٹرنیشنل پینکیک ڈے نے یہ دو ریکارڈ بنانے کا کارنامہ انجام دیا جس میں پینکیکس پر مبنی دنیا کی طویل ترین لائن اور ہوا میں سب سے زیادہ پینکیک اچھالنے کے ریکارڈز شامل تھے۔
ریکارڈ کو 75 ویں بین الاقوامی پینکیک ڈے ریس میں آزمایا گیا جو کہ ہر سال امریکی شہر کنساس اور انگلینڈ کے شہر اولنی میں بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے۔
انٹرنینشل پینکیکس ڈے کی تنظیم نے پینکیکس پر مبنی 923.23 فٹ لائن بنا کر پینکیک لائن کا ریکارڈ توڑا۔ موجودہ عالمی ریکارڈ 429.25 فٹ کا ہے جو 2020 میں لندن میں قائم کیا گیا تھا۔
دوسرا ریکارڈ بلند ترین سطح تک پینکیک اچھال کر پلٹنے کا تھا جس میں 32 فٹ کی بلندی حاصل کی گئی۔ پینکیک پلٹنے کا موجودہ ریکارڈ 31 فٹ 1 انچ ہے جو 2010 میں ڈومینک کزاکریا نامی شخص نے قائم کیا تھا۔
دونوں ریکارڈز کی کاوش کو سرکاری حیثیت دیے جانے کیلئے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو درخواست بھیج دی گئی ہے جس پر ادارہ جائزہ لے رہا ہے۔