پشاور: نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے عہدے کا حلف اٹھالیا، ان سے گورنر کے پی غلام علی نے حلف لیا۔
ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں کے پی اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان، پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ بابراعوان، اعظم سواتی اور دیگر بھی موجود تھے۔
حلف کی تقریب میں کارکنوں کی بڑی تعداد بھی گورنر ہاؤس پہنچی، اس دوران بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا، پی ٹی آئی کے کارکنوں کی پولیس کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی، مہمانوں کی کرسیوں پر کارکنوں نے قبضہ کرلیا، ارکان اسمبلی کی سیٹوں پر بھی کارکنان بیٹھ گئے۔ مہمانوں کی کرسیاں خالی کرنے کے لیے اسٹیج سے بار بار اپیل ہوئی تاہم کارکنان نے سنی ان سنی کردی جس پر نومنتخب ارکان نے کھڑے ہوکر تقریب میں شرکت کی، ایم پی اے کو بھی جگہ نہیں ملی۔
واضح رہے کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے ایک روز قبل صوبائی نگران کابینہ تحلیل ہونے کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گورنر نے نگران وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس پر نگران کابینہ تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔