ممبئی: بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ ڈولی سوہی اپنی بہن امندیپ سوہی کی موت کے چند گھنٹے بعد سروائیکل کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے دُنیا سے رخصت ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 48 سالہ اداکارہ ڈولی سوہی سروائیکل کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں، اُن کا علاج جاری تھا لیکن گزشتہ کچھ دن پہلے اداکارہ کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد اُنہیں ایمرجنسی میں ممبئی کے اپولو اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی دوران ڈولی سوہی کی چھوٹی بہن امندیپ سوہی جوکہ پیشے سے اداکارہ ہی تھیں، وہ یرقان کا شکار ہوگئی تھیں اور اُنہیں بھی اپولو اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
اداکارہ کے بھائی کے مطابق امندیپ سوہی یرقان کی وجہ سے 7 مارچ کی رات چل بسیں تھی اور اُن کی موت کے چند گھنٹے بعد یعنی 8 مارچ کی صبح 4 بجے کے قریب اداکارہ ڈولی سوہی بھی سروائیکل کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے دُنیا سے رخصت ہوگئیں۔
اُن کے بھائی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت مشکل وقت ہے، ہم نے چند گھنٹوں میں اپنے گھر کی دو بیٹیوں کو کھو دیا ہے، چند گھنٹوں میں دونوں بہنوں کی موت کی وجہ سے اہلخانہ شدید صدمے میں ہیں۔
ڈولی کے بھائی نے انکشاف کیا کہ اداکارہ کو چھ ماہ قبل سروائیکل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور اس کے بعد سے اُن کا علاج جاری تھا، اپنی بیماری اور کیموتھراپی کی وجہ سے ڈولی کو ٹی وی سیریل “جھنک” درمیان میں ہی چھوڑنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ ڈولی سوہی نے متعدد بھارتی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، اُن کے معروف ڈراموں میں کُسوم، کُم کُم بھاگیا، بھابھی، تیرے سنگ پریت لگائی سجنا، کلاش، کمال، میری عاشقی تم سے ہی اور جھنک سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔