کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمیر رانا نے کہا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ہونے والے گیم شوز کے ذریعے لالچ کو فروغ دیا جاتا ہے۔
حال ہی میں عمیر رانا نے اپنی ساتھی اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے ہمراہ ایک ٹاک شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے نئے آنے والے ڈرامہ سیریل “چاند نگر” کی تشہیر کی جوکہ یکم رمضان سے نجی ٹی وی چینل پر نشر ہوگا۔
دورانِ شو عمیر رانا نے ماہِ رمضان میں ہونے والے گیم شوز پر بات کی اور کہا کہ ان شوز کی وجہ سے لوگوں میں لالچ کو فروغ دیا جارہا ہے۔
عمیر رانا نے کہا کہ رمضان بہت مقدس اور برکتوں والا مہینہ ہے جس میں ہمیں انسانیت، عاجزی، محبت اور ہمدردی کو فروغ دینا چاہیے لیکن ہمارے ملک میں اس کے برعکس چیزوں کو فروغ دیا جارہا ہے۔
اداکار نے کہا کہ ہمارے یہاں ماہِ رمضان میں خصوصی گیم شوز نشر کیے جاتے ہیں، جنہیں دیکھ کر مجھے بہت بُرا لگتا ہے کہ ہم اس بابرکت مہینے میں عبادات، دینی تعلیمات، عاجزی اور ہمدردی کو فروغ دینے کے بجائے لوگوں میں پیسے کی لالچ کو بڑھا رہے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہمیں ماہِ رمضان میں گیم شوز کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے۔