غزہ: فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کے تقسیم کے مرکز پر عوامی ہجوم پر اسرائیلی فوج کی گولی باری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 20 ہوگئی جب کہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجن سے زائد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ طبی امداد کی فراہمی کی سہولیات کا فقدان ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز بھی غزہ کے جنوبی سرحدی شہر رفح میں اقوام متحدہ کے خوراک کی تقسیم کے مرکز پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 5 فلسطینی اور اقوام متحدہ کے ادارے یونرا کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔
اسی طرح گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی امدادی سامان لینے کے لیے جمع ہونے والے فلسطینی پناہ گزینوں پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس میں 100 سے زائد فلسطینی شہید اور 760 زخمی ہوگئے تھے۔
گزشتہ ماہ ہی ہیلی کاپٹر سے امدادی سامان کے پیکٹس پھینکنے کے دوران پیراشوٹ نہ کھلنے کے باعث ایک بھاری بھرکم پیکٹ راکٹ کی رفتار سے اپنی چھت پر امداد کے منتظر فلسطینی خاندان پر گرا تھا جس میں 5 افراد شہید ہوگئے تھے۔