ممبئی: معروف بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور ریئلیٹی شو بگ باس کے سیزن 17 کے فاتح منور فاروقی کو ‘حُقہ بار’ پر چھاپے کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 26 مارچ کی رات تقریباََ 10 بجکر 30 منٹ پر پولیس نے ممبئی میں ایک حُقہ بار پر چھاپا مارا، پولیس کی جانب سے یہ کارروائی صبح 5 بجے تک جاری رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جس وقت پولیس نے چھاپا مارا تو بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی بھی اُسی حُقہ بار میں موجود تھے، اس دوران پولیس نے 14 افراد کو حراست میں لیا۔
پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے 14 افراد میں منور فاروقی بھی شامل تھے جنہیں کچھ گھنٹے تک حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی بگ باس 17 کے فاتح قرار
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ حُقہ بار غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا، پولیس نے منور فاروقی سمیت دیگر زیرِ حراست افراد کے خلاف سگریٹ نوشی اور دیگر تمباکو مصنوعات ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جبکہ پولیس ابھی بھی جائے وقوعہ پر تلاشی لے رہی ہے۔
پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران منور فاروقی حُقہ پی رہے تھے، کامیڈین کی حُقہ پیتے ہوئے ویڈیوز بھی پولیس کے پاس بطورِ ثبوت موجود ہیں۔