کراچی: شہر قائد میں اگلے 3 روز کے دوران موسم گرم و خشک رہنے کا امکان ہے تاہم ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ کل (منگل) کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔
اگلے چند روز تک بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں شہر پر اثرانداز رہیں گی، صبح سے سہ پہر کے درمیان سمندری ہوائیں غیر فعال رہ سکتی ہیں۔
شہر میں نمی کا تناسب 20 سے 30 فیصد کے درمیان رہنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زائد گرمی محسوس نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ ہیٹ ویو کے اہم وجوہات میں سمندری ہوائیں مسلسل 3 روز تک منقطع، پارہ 40 ڈگری سے متجاوز اور نمی کا تناسب 65 فیصد تک بڑھنا شامل ہے۔