بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے نومنتخب ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کو اپنی مرضی کا معاون عملہ فراہم کرنے سے صاف انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی سیکریٹری نے نئے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کی محض ایک درخواست کی منظوری دی جبکہ 4 درخواستوں کو مسترد کردیا۔
گمبھیر کی درخواست پر ابھیشیک نیئر کو بیٹنگ کوچ تعینات کردیا گیا جبکہ مختلف عہدوں کیلئے کی گئی سفارش، جس میں بالنگ کوچ کیلئے مورنے مورکل اور لکشمی پتی بالاجی! فیلڈنگ کوچ کیلئے ریان ٹین ڈوشیٹ اور جونٹی رہوڈز کی خدمات لینے کی تجویز دی تھی، اُسے مسترد کردیا گیا۔
بھارتی بورڈ سابق فاسٹ بولر ظہیر خان کو بالنگ کوچ تعینات کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ فیلڈنگ کوچ کیلئے راہول ڈریوڈ دور میں خدمات سرانجام دینے والے ٹی دلیپ کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
نئے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کا پہلا اسائنمنٹ دورہ سری لنکا ہے، جہاں بھارتی ٹیم کو 27، 28 اور 30 جولائی کو تین ٹی20 میچز کھیلنے ہیں، بعدازاں 2، 4 اور 7 اگست کو تین ون ڈے میچ ہوں گے۔
دوسری جانب ٹی20 فارمیٹ کیلئے نئے کپتان کے انتخاب میں بھی بھارتی بورڈ ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے ناموں کو لیکر پریشان ہے.