بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں قابض بھارتی نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑا میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے نام نہاد سرچ آپریشن کیا۔

جس کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید کردیا گیا اور لاشیں لواحقین کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کردی گئیں۔
والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ علاقہ مکینوں نے بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین نے جدوجہد آزادیٔ کشمیر کے حق میں اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ کی پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

قابض سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ آنسو گیس سے درجنوں خواتین اور اور بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کی 7 تاریخ کو بھی قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں