پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اسلام آباد: جوڈیشل مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور کارکنان کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے روف حسن کا دس روز کا جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ڈیوائسز برآمد کرنی ہیں، ڈیوائسز ملیں گی تو مزید تفتیش ہوگی۔

رؤف حسن کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا کہ دوران تفتیش ملزم وقاص احمد نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ ریاست مخالف میڈیا سیل چلارہی ہے، رؤف حسن کی سربراہی میں باقاعدہ میڈیا سیل قائم ہے، پاکستان کے امن اور سالمیت کو سبوتاژ کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیے کہ رؤف حسن کا ڈیجیٹل میڈیا ونگ سے کوئی تعلق نہیں، کسی کو حق نہیں پہنچتا ہمیں غدارقراردے۔

عدالت نے رؤف حسن سمیت گرفتار 10 مردوں کو دو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا جبکہ خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کیا تھا.

اپنا تبصرہ بھیجیں