کراچی: تبت سینٹر روبی پلازا کے قریب فائرنگ سے پولیس افسر زخمی ہوگیا، زخمی پولیس افسر سیکیورٹی زون ٹو میں تعینات ہے اور زخمی اے ایس آئی کورٹ ڈیوٹی پر مامورتھا، اسی طرح سپرہائی وے پاکستان کانٹا کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر نوجوان زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پریڈی تھانے کے علاقے تبت سینٹر روبی پلازا کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس افسر پر فائرنگ کردی اور بھاگ نکلے، نتیجے میں اے ایس آئی 45 سالہ محمد نصیر ولد محمد دین ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی پولیس افسر سیکیورٹی زون ٹو میں تعینات تھا۔
ایس پی صدر ماجدہ کے مطابق اے ایس آئی محمد نصیر پر موٹر سائیکل سوار 2 سے 3 نامعلوم مسلح ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، اے ایس آئی محمد نصیر کو ران پر ایک گولی لگی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی اے ایس آئی کورٹ ڈیوٹی پر مامور تھا اور سٹی کورٹ سے کسی کام کے سلسلے میں میگزین لائن آیا تھا اور روبی سینٹر کے باہر مین روڈ پر کھڑا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد اکٹھا کرکے ٹارگٹ کلنگ اور ذاتی دشمنی سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔
سپرہائی وے پاکستان کانٹا کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر نوجوان زخمی
دریں اثنا سائٹ سپرہائی وے تھانے کے علاقے سپرہائی وے پاکستان کانٹا کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ عمر ولد رحمت اللہ زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ، پولیس واقعے کی تفتیش شروع کردی