اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ برآمدات بڑھا کر ہی معاشی ترقی حاصل کی جا سکتی ہے اس لیے برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ عاطف اکرام شیخ صدر ایف پی سی سی آئی نے وفد کی قیادت کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت عوام اور تاجروں کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے جبکہ حکومت سرمایہ کاری کے لیے خصوصی اقتصادی زونز قائم کر رہی ہے، ہم انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنے کی کوششوں میں ہیں۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت بجلی ٹیرف میں ریلیف فراہم کرے تو بزنس کمیونٹی ایکسپورٹ کا 60 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کر سکتی ہے۔
عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا کہ توانائی کی قیمتوں کو علاقائی ممالک کے برابر لانا ہوگا، آٸی ایم سے نجات اور ملکی ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے انڈسٹریلاٸزیشن کی طرف جانا ہوگا.