لاہور: بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر عدالت نے پولیس ریکارڈ طلب کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی واقعات کے 8 مقدمات میں ضمانت درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں عمران خان کی جونیئر وکلا کی ٹیم پیش ہوئی اور عدالت سے استدعا کی کہ بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں، لہٰذا دلائل کے لیے مہلت دی جائے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد کے روبرو ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کی توسط سے دائر درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے کسی قسم کی کوئی ریکوری نہیں ہونی۔ پولیس کیسز بدنیتی پر مبنی ہیں، انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، لہٰذا عدالت ضمانت کی درخواستیں منظور کرے۔
بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے تمام مقدمات کار یکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 8 اگست تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جناح ہاؤس حملہ کیس، عسکری ٹاور جلاو جلاؤ گھیراؤ اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں.