واشنگٹن: بنگلادیش کی مستعفی وزیراعظم اور مستقل بنیادوں پر کسی دوسرے ملک میں پناہ کی متلاشی شیخ حسینہ واجد کے بیٹے صجیب واجد نے اپنی والدہ کے امریکا کے خلاف بیان کا ملبہ بھارتی میڈیا پر ڈال دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کی وزیراعظم حسینہ واجد کی نا ہو پانے والی تقریر کے حوالے سے بھارتی میڈیا پر ایک رپورٹ شائع ہوئی تھی۔
اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حسینہ واجد مستعفی ہونے سے پہلے اپنی آخری تقریر میں عوام کو امریکی سازش سے آگاہ کرنا چاہتی تھیں کی فضائی اڈہ بنانے کے لیے جزیرہ نہ دینے کی پاداش میں ان کی حکومت ختم کی گئی۔
تاہم حسینہ واجد کے بیٹے صجیب واجد نے اپنی والدہ سے منسوب اس بیان کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ میری امی سے بات ہوئی انھوں نے ایسا کوئی بھی بیان دینے کی تردید کی ہے۔
صجیب واجد نے کہا کہ استعفے سے متعلق والدہ کا حالیہ بیان سراسر جھوٹ اور من گھڑت ہے۔ میری والدہ نے نہ تو ڈھاکا چھوڑنے سے پہلے اور نہ ہی بعد میں کسی کو کوئی بیان دیا ہے۔
شیخ حسینہ واجد کے بیٹے نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ بغیر تصدیق کیے کوئی بھی بیان جاری نہ کریں۔ ہم سب کو حالات کی کشیدگی اور نزاکت کا احساس کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ حسینہ واجد طلبا تحریک کے نتیجے میں 31 جولائی کو استعفی دیکر بھارت روانہ ہوگئی تھیں لیکن انھیں بتا دیا گیا تھا کہ وہ مستقل بنیادوں پر بھارت میں نہیں رہ سکتیں۔
جس کے بعد حسینہ واجد برطانیہ جانا چاہتی تھیں لیکن برطانیہ میں بھی اسائلم نہیں ملی جس کے بعد ان کا ارادہ فن لینڈ جانے کا ہے۔ دوسری جانب امریکا نے بھی ویزہ دینے سے منع کردیا۔
جس کے بعد امریکا کے خلاف حسینہ واجد کا بیان سامنے آنے پر معاملات مزید بگڑ سکتے ہیں اس لیے ان کے بیٹے صجیب واجد نے فوراً ہی امریکی مخالف بیان کی تردید کی.