پیرس اولمپکس میں پاکستان اولمپیئن کے ہاتھوں گولڈ میڈل سے محروم رہنے والے بھارت کے نیرج چوپڑا ڈاکٹر سے مشورے کیلئے جرمنی روانہ ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کرنے والے جیولین تھرو اسپیشلسٹ نیرج چوپڑا جرمنی روانہ ہوگئے ہیں جس کی تصدیق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے بھی کردی ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیرج چوپڑا ڈیڑھ ماہ تک جرمنی میں ہی قیام کریں گے۔
اولمپک چیمپیئن نیرج چوپڑا مسلسل کمر کی انجری سے دوچار ہیں تاہم درد کے باوجود انہوں نے ایونٹ میں حصہ لیا اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔
واضح رہے پیرس اولمپکس کے دوران جیولین تھرو مقابلے میں ارشد ندیم نے 92.97 تھرو کرکے گولڈ جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے 89.65 میٹر کی تھرو کرکے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔
دوسری جانب پیرس اولمپکس کے بعد بھارتی جیولن اسٹار نیرج چوپڑا اور معروف شوٹر منو بھاکر کے درمیان ممکنہ رومانوی تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیوں نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا ہے۔
دونوں ایتھلیٹس کے درمیان رومانوی تعلقات کے چرچے اس وقت شروع ہوئے جب اولمپکس کے بعد بھارت میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں نیرج چوپڑا اور منو بھاکر کو گرمجوشی کے ساتھ ایک دوسرے سے بات کرتے دیکھا گیا.