پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم کو سندھ حکومت نے 5 کروڑ روپے کا انعامی چیک دیدیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بریک کر کے اولمپئین سے ملے جبکہ انکی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اولمپئین ارشد ندیم کو وزیراعلیٰ ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کے کوچ کیلئے 50 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا جبکہ اس موقع پر انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ارشد ندیم کو گاڑی دینے کا اعلان کیا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ارشد ندیم کو کہا کہ آپ کو گاڑی کی رجسٹریشن کیلئے جو نمبر چاہئے وہ دیں گے جبکہ آپ سے رابطے میں رہیں گے، شرجیل میمن نے اولمپئین کی والدہ کیلئے بھی گاڑی دینے کا اعلان کیا۔
ارشد ندیم کو وزیراعلیٰ کی جانب سے سندھی ثقافتی تحائف اجرک، ٹوپی اور شیلڈ بھی دیئے گئے۔
اس موقع پردیگر کابینہ اراکین میں وزیر بلدیات سعید غنی نے شہر کراچی میں سڑک کا نام ارشد ندیم رکھنے کا اعلان کیا، وزیر کھیل محمد بخش مہر نے بھی اپنی طرف سے ارشد ندیم کو چیک پیش کیا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کے نام پر اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا۔