“راجیش کھنہ نے کروڑوں کی آفر کے باوجود بگ باس کرنے سے انکار کیا”

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار راجیش کھنہ کو بھارتی ریئلیٹی ٹی وی شو بگ باس کی پیشکش ہوئی تھی لیکن اداکار نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق صحافی علی پیٹر جان نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران، راجیش کھنہ کو بگ باس کی ہونے والی پیشکش کے بارے میں بات کی۔

صحافی علی پیٹر جان نے کہا کہ ایک بار بگ باس کے میکرز نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ راجیش کھنہ کو ریئلیٹی شو بگ باس کا حصہ بنانا چاہتے ہیں لہٰذا، آپ ہماری ایک میٹنگ رکھ لیں جس میں ہم اداکار سے اس بارے میں بات چیت کرسکیں۔

علی پیٹر جان کے مطابق اُنہوں نے بگ باس کے میکرز سے کہا کہ نہیں، نہیں! راجیش کھنہ ایسا شو نہیں کریں گے جس پر میکرز نے کہا چینل مالکان راجیش جی کو فی قسط کے لیے ساڑھے تین کروڑ روپے دینے کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی صحافی نے مزید کہا کہ میں نے راجیش کھنہ سے بات کی اور اُنہیں سمجھانے کی کوشش کی لیکن اُنہوں نے شو کرنے سے صاف انکار کردیا تھا، پھر کچھ دن کے بعد، راجیش کھنہ نے شو کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن تب تک کلرز ٹی وی چینل کی دلچسپی ختم ہو چکی تھی۔

واضح رہے کہ بگ باس کا پہلا سیزن سال 2004 میں آیا تھا، امیتابھ بچن، شلپا شیٹی، ارشد وارثی نے شو کے شروعات کے سیزن کی میزبانی کی تھی جبکہ سال 2010 سے اب تک سلمان خان بگ باس کی میزبانی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ راجیش کھنہ نے 1966 میں اپنی پہلی فلم ‘آخری خط’ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ‘راز’ جیسی فلمیں کرکے اپنے کیرئیر میں نام کمایا، ‘دو راستے’ اور ‘آرادھنا’ جیسی فلوں نے انہیں سپر اسٹار کا تاج پہنایا، اس کے بعد مسلسل 15 سال راجیش کھنہ نے ان گنت ہٹ فلمیں کیں۔

بالی ووڈ کی 163 فلموں میں کام کرنے والے لیجنڈ اداکار راجیش کھنہ 29 دسمبر 1942 میں امرتسر میں پیدا ہوئے ان کو پیار سے کاکا بلایا جاتا تھا۔ 1992 میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا اور فلم ویئر ایوارڈ کے لیے 14 بار نامزد ہوئے۔

راجیش کھنہ کو 14 جولائی 2012 کو لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اُن کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ 18 جولائی 2012 کو دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں