کراچی: ملک میں اتوار سے طاقت ور مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جس کے زیر اثر شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 سے 29 اگست کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ بنگال سے ہواؤں کا سلسلہ پاکستان کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوگا۔ 25 سے 29 اگست کے دوران کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمر کوٹ، مٹھی، میر پور خاص، سکھر، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر مقامات پر معمول سے تیز موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
بلوچستان میں 26 سے 30 اگست کے دوران قلات، لسبیلہ، بارکھان، جعفر آباد، ژوب، کوئٹہ، زیارت و دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارشیں بھی ہوسکتی ہے۔ 25 اگست سے 28 اگست کے دوران مری، پنجاب، بالائی پنجاب، گلیات، اسلام آباد ،لاہور، سیالکوٹ، گجرات، گجرانوالہ سمیت جنوبی پنجاب و دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح 26 سے 28 اگست کے دوران بالائی پختونخوا، ہزارہ ڈویژن، مردان، پشاور، ہنگو و دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے بلوچستان کے مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ تیز بارشوں سے اسلام آباد، راولپنڈی، وسطی پنجاب کے نشیبی علاقوں کو بھی خطرہ بتایا گیا ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان بالائی کے پی کے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق ہوا کا کم دباؤ مغربی بنگال پر موجود ہے ۔ 25 اگست کو طاقتور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوں گی اور 29 اگست تک کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے ۔
علاوہ ازیں اگلے 3 روز کے دوران شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے ۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی جاسکتی ہے ۔
آج حیدرآباد،ٹھٹھ،بدین،میر پورخاص سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے