کراچی: بھارت کے احمد آباد ائیرپورٹ پر اترنے میں ناکامی کے بعد ایتھوپین طیارے نے کراچی میں لینڈنگ کی۔
ذرائع کے مطابق ایتھوپین ائیرلائن کا ایک بوئنگ 737 کارگو طیارہ عدیس ابابا سے احمد آباد پہنچا۔ طیارے نے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ احمد اباد پر لینڈنگ کی کوشش کی۔طیارہ رن وے کے قریب پہنچ گیا مگر نامعلوم وجہ سے لینڈنگ نہیں کر سکا۔
احمد ائیرپورٹ کے ائیرٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کی ہدایت پر پائلٹ 1500 فٹ کی بلندی پر واپس گو اراؤنڈ پر چلا گیا جس کے بعد پائلٹ نے پرواز ای ٹی 3644 کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا۔ سوا گھنٹہ پرواز کے بعد طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ ایتھو پین کارگو طیارہ بعد ازاں کراچی سے احمد آباد کے لیے روانہ ہوگیا۔