جاوید شیخ کا اپنی دو ناکام شادیوں سے متعلق اہم انکشاف

لاہور: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے سینیئر اداکار جاوید شیخ نے اپنی دو ناکام شادیوں سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے رشتہ توڑنے میں پہل نہیں کی تھی۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جاوید شیخ نے کہا کہ میں نے کبھی اپنی ناکام شادیوں کے بارے میں کُھل کر بات نہیں کی کہ کیسے اور کیوں ناکام ہوئیں؟ یا پھر ان شادیوں کے ٹوٹنے میں کس کی غلطی تھی؟

جاوید شیخ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر آپ کا کسی شخص کے ساتھ کوئی رشتہ ختم ہوجاتا ہے تو پھر بار بار سب کے سامنے اُس کے بارے میں منفی باتیں کرنا مناسب بات نہیں ہے۔

سینیئر اداکار نے کہا کہ میں صرف اتنا بتا سکتا ہوں کہ میں نے کبھی کوئی رشتہ خود ختم نہیں کیا اور نہ ہی میں نے کسی رشے کو ختم کرنے میں پہل کی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں جس سے بھی محبت کی وہ مجھے چھوڑ کر چلا گیا، جنہوں نے مجھے چھوڑا، پھر وہ کچھ عرصے بعد میرے پاس واپس آئے اور صلح کرکے دوبارہ رشتہ قائم کرنی کی خواہش ظاہر کی لیکن میں نے اُنہیں صلح کا موقع نہیں دیا کیونکہ میں اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکا تھا۔

جاوید شیخ نے مزید کہا کہ ہمارے مذہب میں مرد کو ایک ساتھ چار شادیوں کی اجازت ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ اگر آپ کی پہلی شادی ہی کامیاب چل رہی ہے تو پھر ایک شادی ہی کافی ہے، دوسری یا تیسری شادی نہیں کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ سینیئر اداکار جاوید شیخ نے پہلی شادی زینت منگی سے کی تھی، جن سے اُن کی ایک بیٹی مومل شیخ اور بیٹا شہزاد شیخ ہے، اُن کی یہ شادی صرف تین سال تک رہ سکی اور پھر طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔

پہلی شادی میں ناکامی کے بعد ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران جاوید شیخ کی ملاقات سلمیٰ آغا سے ہوئی، کچھ عرصہ بعد دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن بدقسمتی سے اداکار کی یہ شادی بھی صرف تین سال تک ہی چل سکی.

اپنا تبصرہ بھیجیں