غزہ: مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے ایک گاڑی پر حملے میں شہید ہونے والے 5 فلسطینیوں میں سے ایک صیہونی جیل میں اسیر الفتح کے کمانڈر کا بیٹا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جارحیت کا یہ واقعہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے طوباس میں پیش آیا جب ایک گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کے خلاف خطرہ بننے والے مسلح افراد کی گاڑی پر 3 میزائل داغے۔ جس میں القسام بریگیڈ کے جنگجو سوار تھے۔
دوسری جانب عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے طوباس کے علاقے میں الفارعہ پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا جس کے بعد متعد دھماکے سنے گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں 5 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ 4 زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
شہید ہونے والوں میں سے ایک نوجوان فلسطینی اسیر رہنما زکریا زبیدی کا بیٹا ہے۔ زکریا زبیدی نے 2002 میں انتقاضا میں جنگ لڑی تھی اور بعد ازاں گرفتار ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ 2021 میں وہ اسلامک جہاد کے دیگر 5 اسیروں کے ساتھ سرنگ کھود کر جیل سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم کچھ دنوں بعد پکڑے گئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی ابتدا سے جاری مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی فوج کے آپریشن میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40 ہوگئی جب کہ 140 سے زائد زخمی ہیں۔