کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل نے گلشن اقبال میں حوالہ ہنڈی اور غیرملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کے الزام میں جیولر شاپ پر کارروائی کے دوران 3کروڑ سے زائد مالیت کے 116 تولہ سے زائد گولڈ بارز برآمد کر لیا۔
ایکسپریس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نےگلشن اقبال میں جیولر شاپ پر کارروائی کی اور اس دوران مبینہ طور پر حوالہ ہنڈی اور غیرملکی کرنسی کی غیرقانونی خرید وفروخت میں ملوث جیولرز شاپ کے مالک کوگرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ جیولرزشاپ سے کسی خریداری رسید کے بغیر موجود 116 تولے سے زائد وزن کی گولڈ بارز برآمد کرلیے گئے ہیں، برآمد کی گئیں مذکورہ گولڈ بارز کی مالیت 3 کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
ذرائع کے مطابق جیولر شاپ سے 88 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی اور دو ہزار 870 امریکی ڈالرز بھی برآمد کرلیے گئے ہیں اور ملزم کے موبائل فون سے فارن کرنسی کی خریدوفروخت کے پیغامات اور مختلف چیک بکس برآمد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمے کے اندراج سمیت مزید کارروائی جاری ہے.