کراچی: پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا 74 واں اجلاس گذشتہ روز فیصل آباد میں چیئرمین محسن نقوی کی زیرصدارت منعقد ہوا، ارکان نے چیمپئنز کپ کو آئین 2014 میں شامل کرنے کی تجویز دے دی۔
پی سی بی کے مطابق بورڈ آف گورنرز کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کا آغاز جمعرات کی سہ پہر فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں مارخورز اور پینتھرز کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوا، ارکان نے ٹورنامنٹ کے ساتھ شراکت کیلیے کمرشل اور میڈیا اداروں کو راغب اور راضی کرنے میں محسن نقوی کی کوششوں کو سراہا۔
ایونٹ میں ملک کے بہترین کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں، بورڈ آف گورنرز نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ ٹی ٹوئنٹی اور چار روزہ فارمیٹ کے ایونٹس کی طرح چیمپئنز کپ کو بھی پی سی بی آئین 2014 میں شامل کیا جائے ، یوں یہ سالانہ کیلنڈر کا حصہ بن جائے گا، اس سے ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام میں تسلسل اور مستقل مزاجی آئے گی۔
ارکان نے کہا کہ فیصل آباد میں شائقین کے زبردست جوش وخروش کو دیکھتے ہوئے پی سی بی کو اقبال اسٹیڈیم کا مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہیے ، اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کر کے وینیو کو بحال کیا جائے، اس طرح ایک بار پھر دو طرفہ بین الاقوامی سیریز کی میزبانی ہو سکے گی۔
ڈیزائن اور کام کے دائرہ کار پر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت پر بورڈ آف گورنرز کو اپ ڈیٹ فراہم کیا گیا، ممبران نے پروجیکٹس پر مکمل حمایت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے ، ایک بار جب پروجیکٹس مکمل ہو جائیں گے تو یہ پاکستان اور ملکی کرکٹ کے امیج اور پروفائل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے.