اسلام آباد: عمران خان کے لاپتا سابق چیف سکیورٹی آفیسر عمر سلطان گھر پہنچ گئے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لاپتا سابق چیف سکیورٹی آفیسر عمر سلطان کی بازیابی کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، جس میں وکیل فیاض کنڈوال نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمر سلطان واپس گھر پہنچ گئے ہیں۔وکیل کے مطابق عمر سلطان واپس آ گئے ہیں، انہیں عدالت میں بھی پیش کرتے لیکن ان کی طبیعت صحیح نہیں تھی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ شہری واپس آگیا ہے، اب آپ کیا چاہتے ہیں؟، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ہم چاہتے ہیں آزادانہ تحقیقات ہوجائے، ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی آزادانہ تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے عمر سلطان کی بازیابی کا کیس نمٹا دیا.