واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون کو سراہا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کی سفارتی اسناد وصول کرتے وقت ایک ملاقات میں کی۔
صدر جوبائیڈن نے ملاقات میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ عالمی اور علاقائی سلامتی و استحکام کو درپیش مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے پاک امریکا تعلقات کو اہم قرار دیا۔
’’رضوان سعید شیخ امریکا میں پاکستان کے نئے سفیر ہیں‘‘
امریکی صدر نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکا پاکستان تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط تر بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
صدر جوبائیڈن نے کہا کہ دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلیوں، علاقائی سلامتی کے خطرات اور عالمی صحت کو درپیش اہم چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ہمیں سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی ترقی سمیت امریکا پاکستان ‘گرین الائنس’ کے فریم ورک میں مشترکہ مفادات کو اجاگر کرتے رہنا چاہیے۔
اس موقع پر پاکستان کے نئے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری اولین ترجیح ہے۔
پاکستانی سفیر نے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ متبادل توانائی،گرین ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔