کراچی: پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ دانیہ انور نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران اپنے پہلے شوہر سے طلاق لینے کی وجہ بتادی۔
اداکارہ نے مارننگ شو میں انکشاف کیا کہ ان کے پہلے شوہر منشیات کے عادی تھے اور انھیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس لیے نشئی شوہر کا تشدد برداشت کرتی رہیں، کیوں کہ ان کے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا، وہ معاشی طور پر خودمختار نہیں تھیں۔
دانیہ انور نے اپنی طلاق کے معاملے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ طلاق کا فیصلہ میرے لیے مشکل تھا، لیکن مجھے اپنے کسی فیصلے پر پچھتاوا نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب طلاق کا فیصلہ کیا تو اپنے گھر والوں کو نہیں بتایا کہ میں طلاق لے رہی ہوں، مگر جب انہیں اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے مجھے سپورٹ کیا کہ اب میں نے ایک فیصلہ لے لیا ہے تو اس پر پوری طرح قائم رہوں۔
طلاق کے بعد انہوں نے کافی عرصے تک تنہا زندگی گزاری اور والدین نے انہیں بہت سپورٹ کیا جب کہ ان کے کم عمر بچوں نے بھی انہیں دوسری شادی کرنے کا کہا۔ اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ دوسری شادی سے بہت خوش ہیں۔
دانیہ انور نے کئی ڈراموں میں قابل ذکر کردار ادا کیے ہیں، جن میں ’’فالتو لڑکی‘‘، ’’کہاں تم چلے گئے‘‘، ’’بدنصیب‘‘، ’’بیچاری نادیہ‘‘، ’’حبس‘‘، ’’رسمِ دنیا‘‘، ’’دھانی‘‘ اور ’’فتور‘‘ شامل ہیں۔ حال ہی میں ان کا ڈرامہ ’’جاں نثار‘‘ نجی ٹی وی چینل سے نشر ہورہا ہے.