کراچی:سندھ میں منشیات فروشوں کے خلاف کل سے بھرپور آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے نفری طلب کرلی گئی ہے۔
صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کل سے مرحلہ وار آپریشن شروع کیا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بھرپور آپریشن کے احکامات جاری کردیے، اس سلسلے میں سندھ بھر سے نارکوٹکس کنٹرول ونگ کی نفری طلب کرلی گئی ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کا اہم اجلاس ہوا، جس انہوں نے احکامات جاری کیے کہ پہلے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد میں آپریشن شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دیگر اضلاع میں بھی جلد آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہمارا ہدف کرسٹل، آئس، ہیروئن، کوکین اور چرس ہے، اس کا خاتمہ ہر صورت میں یقینی بنانا ہوگا۔ پولیس اور رینجرز بھی ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کے ہمہ وقت تیار ہے۔ انسداد منشیات کے نئے قانون کے بعد ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی ذمے داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی آئندہ نسلوں کو بچانے اور منشیات سے پاک معاشرے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ منشیات کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کوششوں سے اطمینان کا احساس اور خوشی ہوتی ہے۔ منشیات کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات اور اعزازات سے نوازا جائے گا۔ انسداد منشیات کے خلاف کارروائیوں کو خود مانیٹر کر رہا ہوں، انہوں نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کی رپورٹ دی جائے۔