کراچی:پولیس نے مختلف کارروائیوں میں چوری و ڈکیتی میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پریڈی پولیس نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ریمبو سینٹر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک موٹرسائیکل لفٹر سلمان عرف ابرار کو گرفتار کرلیا، ملزم کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے جن کی شناخت فرید اور اکرام کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے موقع پر موجود 4 موٹر سائیکلوں (نمبرز:KNI-0336 ، KNC-8923 KMH-0353 اور KLM-1581) کو قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق سی پی ایل سی ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ مذکورہ موٹرسائیکلوں کی چوری کے مقدمات تھانہ جمشید کواٹر، کھارادر، صدر اور تھانہ بہادرآباد میں درج ہیں۔ گرفتار و فرار ملزمان پہلے بھی کئی مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، ملزم کو تفتیش کیلئے اے وی ایل سی حکام کے حوالے کردیا گیا۔
جیکسن پولیس نے کیماڑی گلشن سکندرآباد ابراہیم مسجد کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جن کی شناخت 30 سالہ امجد ولد زوران اور 35 سالہ سلیمان ولد زیور شاہ کے ناموں سے کی گئی، ملزمان سے دو پستول بمعہ گولیاں، منشیات، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
بہادرآباد پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بہادرآباد حبیب رحمت اللہ روڈ سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ملزمان کی شناخت عدنان ولد سلیمان اور محمد عامر ولد خیر الدین کے ناموں سے کی گئی، گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں، چھینا گیا موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔