پاکستان کے کامیاب ترین کپتان سرفراز احمد نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیدیا

پاکستان کو چیمپیئنز ٹرافی جتوانے والے کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیدیا۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے اپنی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اپنے کیریئر سے متعلق مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اب کچھ باقی نہیں رہا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ کس چیز کا انتظار کررہے ہیں اور یہ جلد ہی ہوجائے گا۔

سال 2007 میں ڈیبیو کرنے والے 37 سالہ وکٹ کیپر بلے باز نے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

مزید پڑھیں: کیا سراج نے شعیب اختر کی تیز ترین گیند کا ریکارڈ توڑ دیا؟

سابق کپتان نے تمام فارمیٹس میں 6 ہزار 164 رنز بنائے جس میں 6 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ اور چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا جبکہ بطور کپتان 11 ٹی20 سیریز میں کامیابیاں سمیٹنے کا سہرا بھی انہی کے سر ہے۔

گرین شرٹس کی جانب سے ان کا آخری میچ گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں کھیلا گیا تھا۔

سرفراز احمد نے 2016 سے 2019 تک 26 ٹی20، 2015 سے 2019 تک 28 ون ڈے میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض نبھائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں