امریکا کے محکمہ جنگلی حیات نے بتایا ہے کہ دنیا کے سب سے معمر جنگلی پرندے نے 74 برس کی عمر میں انڈہ دے دیا۔
یو ایس فش اینڈ وائلڈ لائف سروس نے ایک فیس بک پوسٹ پر بتایا کہ بڑے پروں والے ایک سمندری پرندے (لیسین البیٹروسز) کی مادہ جس کا نام ’وزڈم‘ ہے، ہوائی کے جزائر کے شمال مغربی کنارے پر قائم مِڈ وے اے ٹول نیشنل وائلڈ لائف ریفیوج پر لوٹی اور ماہرین کے اندازے کے مطابق اپنا 60 واں انڈہ دیا۔
ماہرین کے مطابق لیسین البیٹروسز ہر سال ایک انڈہ دیتے ہیں۔ وزڈم اس اے ٹول پر 2006 سے انڈے دینے کے لیے آرہی ہے اور گزشتہ ہفتے وہ یہاں لوٹی ہے۔
اے ٹول ریفیوج سے تعلق رکھنے والے جونتھن لِسنر نے ایک بیان میں کہا کہ ماہرین پُر امید ہیں کہ انڈے میں سے بچہ نکل آئے گا۔
ہر سال سیکڑوں سمندری پرندے ریفیوج پر موجود اپنے گھونسلوں مین واپس آتے ہیں اور اپنے بچوں کو پالتے ہیں۔