گورنر پختونخوا سے وزیراعلیٰ کی ملاقات؛ صوبائی معاملات پر گفتگو سے گریز

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی کے ساتھ ملاقات کی، اس موقع پر قائم مقام چیف جسٹس پشاورہائی کورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ کے ساتھ صوبے کے مختلف نوعیت کے معاملات پر بات چیت کی، تاہم وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ان معاملات پر اظہار خیال کرنے سے گریز کرتے ہوئے صرف مسکراہٹوں ہی پر اکتفا کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ آج قائم مقام چیف جسٹس کے حلف کا دن ہے، اس لیے صوبے کے ایشوز پربعد میں بات کی جائے گی، جس کے لیے دیگر مواقع آئیں گے۔

10 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات کو سیاسی حلقوں میں اہم قراردیاجارہاہے۔ خاص طور پر ایسے سیاسی ماحول کے تناظر میں کہ جب گورنر روزانہ سیاسی ایشوز پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں، تاہم وزیراعلیٰ اس کے باوجود گورنر ہاؤس گئے۔

دوسری جانب صوبائی حکومت کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور دراصل قائم مقام چیف جسٹس کی حلف برداری میں شرکت کے لیے گئے تھے، ان کا مقصد گورنر سے سیاسی ملاقات کرنا نہیں تھا۔

ذرائع کے مطابق گورنر کے ساتھ نشست بھی پروٹوکول تقاضوں کے مطابق تھی جس میں قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ بھی موجود تھے اور اس ملاقات کا مقصد سیاسی ایشوز پر بات چیت ہرگز نہیں تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں