لندن میں ملازمین کی بھرتیاں کرنے والے ایک کنسلٹنٹ نے لنکڈاِن پر اپنے ٹوٹے ہوئے کیبورڈ کی تصویر شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ اس نے غصے میں آکر اسے اس وقت توڑ دیا جب ایک ملازمت کے امیدوار نے اس کی نوکری کی پیشکش مسترد کردی۔
ایتھن موونی نے لنکڈاِن پر تصویر پوسٹ کی اور واقعے کی وجہ بتائی۔
ایتھن کے مطابق امیدوار نے صبح 9:30 بجے دوسرے انٹرویو کیلئے آنا تھا لیکن وہ نہیں آیا۔ آدھے گھنٹے بعد امیدوار نے کنسلٹنٹ کو میسیج کیا اور بتایا کہ اس نے بجائے دوسری ملازمت کی پیشکش قبول کر لی ہے۔
اس صورتحال سے مایوس ہو کر ایتھن نے اپنا کی بورڈ توڑ دیا اور طنزیہ انداز میں کہا کہ مجھے کیبورڈ پر کوئی گالی والا بٹن نہیں مِلا۔ کون کہتا ہے کہ بھرتیاں کرنے والے کو امیدواروں کی پرواہ نہیں ہوتی۔
یہ پوسٹ لنکڈاِن پر وائرل ہو گئی ہے جس پر صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بہت سے صارفین کو یہ واقعہ مزاحیہ لگتا ہے جب کہ دوسروں نے بھرتی کرنے والے کے شدید ردعمل پر تنقید کی۔