پاکستان نے ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنا مصنوعی ذہانت (AI) کا نظام لانچ کردیا ہے۔
پاکستان میں بنائے گئے اس نظام کو ’’ذہانت اے آئی‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جو پاکستانی ماہرین کی محنت اور جدت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں ’’ذہانت اے آئی‘‘ کو باقاعدہ طور پر متعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر آئی ٹی ماہرین، ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ افراد، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں اس منصوبے کی بانی اور آئی ٹی ماہر مہوش سلیمان علی نے شرکاء کو ’ذہانت اے آئی‘ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ کو پاکستان کے مقامی جی پی ٹی ماڈل ’’ذہانت اے آئی‘‘ پر بریفنگ دی گئی۔
مہوش سلیمان نے بتایا کہ یہ منصوبہ کئی مراحل سے گزرنے کے بعد کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سینٹرز میں کی گئی محنت اور تحقیق کے بعد یہ خواب حقیقت بن پایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی صرف ان کی ذاتی کوششوں کا نتیجہ نہیں، بلکہ یہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔
’’ذہانت اے آئی‘‘ ایک جدید چیٹ بوٹ ہے، جو صارفین کو مختلف زبانوں میں خدمات فراہم کرے گا۔ یہ نظام پاکستانی صارفین کو مقامی ڈیٹا سرورز کے ذریعے استعمال کرنے کی سہولت دے گا، جس سے ڈیٹا کی حفاظت اور تیز رفتار خدمات کو یقینی بنایا جائے گا۔ مہوش سلیمان نے زور دیا کہ ’’ذہانت اے آئی‘‘ کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے، اور یہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نئی پہچان دلائے گا۔
تقریب میں شریک ماہرین اور شرکاء نے ’’ذہانت اے آئی‘‘ کو پاکستان کےلیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے، بلکہ یہ ملک کو عالمی سطح پر بھی ایک مضبوط مقام دلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
مہوش سلیمان نے بتایا کہ ’’ذہانت اے آئی‘‘ کو مزید بہتر بنانے کےلیے مسلسل کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس نظام کو مزید زبانوں اور خصوصیات کے ساتھ اپ گریڈ کیا جائے گا، تاکہ یہ پاکستانی صارفین کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرسکے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال طلبا کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دے گا، تعلیمی اداروں میں اے آئی کلاس رومز کا آغاز پاکستان کے مستقبل کےلیے اہم سنگ میل ہے، دنیا کا مقابلہ کرنے کےلیے جدید علوم میں مہارت حاصل کرنا ناگزیر ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی میں حکومت کا تعاون جاری رہے گا، پاکستانی ٹیلنٹ مصنوعی ذہانت کے میدان میں دنیا بھر میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔
یہ کامیابی پاکستان کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جس میں ٹیکنالوجی کی طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جائے گا.