مصطفیٰ عامر کیس؛ نادیہ خان کی ساجد حسن کے بیٹے پر کڑی تنقید

معروف پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن پر کڑی تنقید کی ہے، جو حال ہی میں منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار ہوا ہے۔

ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کو مصطفیٰ عامر قتل کیس کے بعد منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اب ساحر نے اپنے اعترافی بیان میں منشیات کی خرید و فروخت کے بارے میں تفصیلات بتائی ہیں، جس نے معاشرے میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

ساحر حسن نے ایک ویڈیو بیان میں منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ملزم ارمغان سے پہلی ملاقات 2017 میں ہوئی، جب وہ آئس اور چرس فروخت کرتا تھا۔ بعد میں، دوست معظم نے 2022 میں اسے مصطفیٰ عامر سے ملوایا۔

ساحر حسن کے مطابق، گرفتاری سے تین دن پہلے ارمغان نے اس سے ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی منشیات خریدی تھی۔ ان کے گھر میں اس وقت 35 لاکھ روپے مالیت کی چرس موجود تھی۔ ساحر نے یہ بھی بتایا کہ اس کی اہلیہ کو ان کے منشیات فروخت کرنے کے بارے میں علم تھا۔

نادیہ خان نے اپنے ٹی وی شو میں ساحر حسن کے اعترافی بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا، ’’اس کیس نے پورے پاکستان کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ والدین اور بچے دونوں پریشان ہیں۔ مصطفیٰ عامر اور ارمغان کا یہ کیس منشیات فروشی کے گھناؤنے جرم کی ایک کڑی ہے، جس میں ساجد حسن کا بیٹا بھی ملوث ہے۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں