اظفر رحمان پاکستان شوبز کے ایک ایسے معروف اداکار، ماڈل اور میزبان ہیں جنہیں خوب شہرت حاصل ہے اور وہ مداحوں کی ایک بڑی تعداد بھی رکھتے ہیں تاہم انہوں نے کبھی اپنی ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کیا یہاں تک کہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ تصاویر بھی وہ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہیں کرتے۔
حال ہی میں اظفر ندا یاسر کی رمضان ٹرانسمیشن میں شریک ہوئے جہاں میزبان ندا نے ان سے سوال کیا کہ انہیں لوگ سالوں سے جانتے ہیں مگر ان کی نجی زندگی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اس کے پیچھے کیا وجہ ہے۔
جس پر اظفر رحمان نے کہا کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے بعد نجی زندگی نجی نہیں رہتی اور انہوں نے دیکھا ہے کہ لوگ باقاعدگی سے اپنی نجی زندگی سے متعلق تصاویر وغیرہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں اور کچھ دن بعد ان کا رشتہ ٹوٹ جاتا ہے۔