لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسپیشل افراد کیلئے معاون آلات کے سب سے بڑے منصوبے کا افتتاح کردیا۔
تقریب میں پنجاب بھر سے 300 سے زائد سپیشل افراد نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف حادثاتی طور پر بازو سے محروم نوجوان عقیل کو خود اسٹیج پر لائیں جبکہ دماغ سے خودکار سگنل لے کر حرکت کرنے والے بازو کی تنصیب سے سہیل نے پہلی مرتبہ ہاتھ کو حرکت دی، جس پر ننھے سہیل نے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے ہائی فائی بھی کیا۔
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے خودکار وہیل چیئر، پیڈز وہیل چیئر، ٹرائی وہیل سکوٹی اور دیگر معاون آلات فراہم کیے اور اسپیشل افراد کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ تقریب میں آمد پر دو پیاری خاص بچیوں، عائزہ اور عائشہ نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اسپیشل افراد کے درمیان بیٹھ گئیں اور ایک ننھے بچے کو اپنے ساتھ بٹھا کر پیار بھی کیا۔ قوت گویائی سے محروم بچوں نے قومی ترانہ، ترجمہ تلاوت اور دیگر حصے اشاروں کی زبان میں پیش کیے، جس نے شرکاء کو جذباتی کر دیا۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں اسپیشل افراد کو ایک ارب روپے کے مصنوعی اعضاء، آلاتِ سماعت، وہیل چیئرز اور دیگر ضروری معاون آلات مفت فراہم کیے جائیں گے۔
اسپیشل افراد کو مینوئل وہیل چیئر، رولیٹر، ٹرائی سائیکل، الیکٹرک اور موٹرائزد وہیل چیئرز، ٹرائی موٹر سائیکل، واکنگ واکر، فریم موبائل ٹوائلٹ چیئر، پیڈز وہیل چیئر اور کنٹرولڈ وہیل چیئر بھی دی جائیں گی۔ علاوہ ازیں ضرورت کے مطابق آلاتِ سماعت اور مصنوعی اعضاء بھی مفت فراہم کیے جائیں گے