پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ جویلین تھرور اسپیشلسٹ ارشد ندیم نے بھارت کے نیرج چوپڑا کی دعوت مسترد کردی۔
زرائع کے مطابق نیرج چوپڑا نے بنگلورو میں 24 مئی سے ہونے والی نیرج چوپڑا کلاسک تھروونگ چیمپئن شپ میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا تھا۔
ذرائع کے مطابق پیرس اولمپکس کے ریکارڈ ساز گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے اپنے حریف نیرج چوپڑا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ بنگلورو کلاسک جیولین تھرورر ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ سال بھر کا ٹریننگ اور ایونٹس شیڈول پہلے سے طے ہوچکا ہے۔پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے سبب بھارت آنا ممکن نہیں، آپ کے ایونٹ کے لیے نیک خواہشات ہیں کہ یہ ہر لحاظ سے کامیاب ہو۔
واضح رہے کہ نیرچ چوپڑا کا بنگلورو کلاسک تھرورر مقابلے 24 مئی کو شیڈول ہے جبکہ ارشد ندیم نے ان ہی دنوں کوریا میں ہونے والی ایشین اتھلیٹکس چیمپین شپ میں حصہ لینا ہے، جس کے لیے ان کی روانگی مئی کے تیسرے ہفتے میں ہوگی۔
کوریا میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپین شپ 27 مئی سے شروع ہوگی، جس کیلئے ارشد ندیم ان دنوں لاہور میں ٹریننگ کررہے ہیں۔