اسلام آباد پولیس نے ویتنام کے سفیر کی ناراض اہلیہ کو ایک گھنٹے میں ڈھونڈ نکالا

اسلام آباد: وزیرِ داخلہ کے نوٹس لینے کے ایک گھنٹے کے اندر وفاقی پولیس نے ویتنام کے سفیر کی اہلیہ کو ڈھونڈ نکالا، وہ ناراض ہوکر گھر سے غائب ہوگئی تھیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ویت نام کے سفیر نے تھانہ مارگلہ پولیس اور پولیس ہیلپ لائن پر اتوار کی سہ پہر اطلاع دی کہ ان کی اہلیہ دن گیارہ بجے گھر سے بیوٹی پارلر کے لیے نکلیں اور کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود واپس گھر نہیں پہنچیں انہیں تلاش کیا جائے۔

اطلاع پر ایس پی سٹی کی سربراہی میں پولیس ٹیم قائم کی گئی، اسی دوران برطانیہ کے دورے پر گئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سید علی ناصر رضوی کو نہ صرف ویت نام کے سفیر کی لاپتا اہلیہ کو فوری طور پر تلاش کرنے کا سخت حکم جاری کیا بلکہ انہیں ہدایت دی کہ وہ سفیر کی رہائش گاہ پر خود جائیں اور کوششوں سے سفیر کو آگاہ کریں ساتھ میں ان سے مزید معلومات جاننے کی کوشش کی جائے۔
ہدایت کے مطابق آئی جی علی ناصر رضوی ایس ایس پی آپریشنز کے ساتھ سفیر کے گھر گئے اور انہیں پولیس کی کوششوں پر بریفنگ دی تاہم وزیر داخلہ محسن نقوی کے نوٹس لینے کے بعد پولیس کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہیں سفیر کی اہلیہ کی تصاویر بھی فراہم کی گئی، جبکہ ایف ایٹ ون جہاں سے وہ اپنے گھر سے نکلی تھیں وہاں سے ملحقہ راستوں کی سیف سٹی کیمروں سے مدد لے کر پولیس نے سفیر کی اہلیہ کو ٹریس کیا جنہیں بعد ازاں ان کے شوہر سفیر کے حوالے کردیا جو اپنی رہائش گاہ روانہ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں