پنجاب پولیس کا راجن پور میں کچے کے ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے ٹھکانے پر ’کامیاب‘ چھاپہ

پنجاب پولیس نے راجن پور میں کچے کے ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان فرار ہوگئے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راجن پور کے تھانہ شاہ والی پولیس نے سہولت کاروں غلام اصغر عرف ادو، آغا شاہ کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا ہے، ملزمان کچے میں موجود لٹھانی، سکھانی اور دودو بنگیانی ڈکیت گروپ کیلیے سہولت کاری کرتے ہیں۔

پولیس نے اس کارروائی کو کامیاب قرار دیا جس میں سہولت کاروں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا، چھاپے کے دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا اور سہولت کاروں کے ساتھیوں نے پولیس کیخلاف بھاری ہتھیار استعمال کیے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے تاہم ٹھکانوں سے اسلحہ M-16 G-3, ، ڈبل بیرل گن، 303 رائفل، M-9 پسٹل، 12 بور پسٹل، بھاری مقدار میں ایمونیشن اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ملزمان ڈاکوؤں کو پولیس کی نقل و حرکت بارے آگاہی اور اغوا برائے تاوان ، ڈکیتی کی وارداتوں میں سہولت کاری فراہم کرتے تھے، ملزمان کی نقل و حرکت اور روابط کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس آؤٹ کیا گیا۔

پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کیلیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے اور ڈی پی او راجن پور دوست محمد نے امید ظاہر کی کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راجن پور پولیس کی جانب سے کچہ کریمنل کی نقل و حرکت کو مکمل طور پر محدود کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کچے کے ڈاکوؤں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف انٹیلی جنس آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں