islamabadsealed

اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات؛ اہم شاہراہیں بند، امتحانات جزوی طور پر ملتوی

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن مذاکرات کے سلسلے میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت متعدد اہم شاہراہوں کو مختلف اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 9 اور 10 اپریل کو شہر کے مختلف راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہے گی تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والے مسافر ٹیکسلا موٹر وے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات کا راستہ اختیار کریں جبکہ لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک کو بھی انہی متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔اسی طرح مارگلہ روڈ کے سیکٹرز ایف 6، جی 5، جی 6 اور جی 7 سے راولپنڈی جانے والوں کو نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی جانب موڑا جائے گا۔
بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری رنگ روڈ، بنی گالہ اور ترلائی روڈ استعمال کریں، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والوں کو صدر مری روڈ کے ذریعے نائنتھ ایونیو اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق زیرو پوائنٹ سے فیصل ایونیو تا کورال چوک ایکسپریس وے دونوں اطراف سے بند رہے گی جبکہ کرنل شیر خان روڈ سے فیض آباد آنے والوں کو نائنتھ ایونیو سگنل کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ استعمال کرنے کا کہا گیا ہے۔
مزید برآں، پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹر وے اور ترنول پھاٹک کے راستے فتح جنگ موٹر وے کی طرف موڑا جائے گا، جبکہ لاہور سے اسلام آباد اور راولپنڈی آنے والی بھاری ٹریفک کو چک بیلی روڈ کے ذریعے چکری موٹر وے کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق 9 اور 10 اپریل تک اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا، جبکہ ریڈ زون میں عام شہریوں کی آمد و رفت پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور جاری کردہ متبادل راستوں کا استعمال کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔کنٹرولر امتحانات کے مطابق اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع تین امتحانی مراکز میں پیپرز نہیں ہوں گے، جی 6/4 اور پرائم منسٹر اسٹاف کالونی جی 5 کے امتحانی مراکز پر امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔فیڈرل بورڈ کے مطابق ان امتحانی مراکز کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ نے باقی تمام امتحانی مراکز پر امتحانات شیڈول کے مطابق لینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں