(روزنامہ جرأت)قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہےکہ ایک میچ یا سیریز جیتنے سے ٹیم کی کامیابی کا حتمی فیصلہ نہیں ہوتا لہٰذا ٹیم کو مستحکم ہونے اور بہتر نتائج دینے کے لیے وقت درکار ہے۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابراعظم نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت سے نیا جوش اور توانائی نظر آتی ہے، نوجوان کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور خصوصاً فیلڈنگ میں غیر معمولی توانائی دکھائی، نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد دینا سینئر کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے، نوجوان کھلاڑیوں نے ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھایا۔بابر اعظم نے کہا کہ آئندہ بھی کوشش ہوگی کہ مواقع کو طویل کارکردگی میں تبدیل کریں، ایک میچ یا سیریز جیتنے سے ٹیم کی کامیابی کا حتمی فیصلہ نہیں ہوتا، ٹیم کو مستحکم ہونے اور بہتر نتائج دینے کے لیے وقت درکار ہے، نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ سینئر کھلاڑیوں کو شامل کرکے نئی ٹیم تشکیل دے رہے ہیں، کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینا ہوں گے، مختلف کنڈیشنز اور مختلف حریف ٹیموں کے خلاف کھیل کر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں کھلاڑیوں کا ردعمل، دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت اور رویہ ٹیم کے لیے اہم ہے، نوجوان کھلاڑی وقت کے ساتھ سیکھیں گے، ہماری کوشش ہے کہ وہ مشکل حالات میں جلد بہتر فیصلے کرنا سیکھیں، نوجوان کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دینا چاہتے ہیں اور کوشش ہوگی نوجوان کھلاڑیوں کو مناسب مواقع ملتے رہیں۔
بابراعظم نے مزید کہا کہ مسلسل اچھی کارکردگی کے لیے میچز جیتنا ضروری ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد اور اچھا ماحول فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، اچھے وقت سے سیکھتے ہیں لیکن مشکل وقت سے دگنا سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں صبر اور اپنے پلان پر عمل کرنا ضروری ہوتا ہے۔




